اب کوئی آمر غیرآئینی اقدام نہیں کر سکتا،نواز شریف

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کا مستقبل ہےعوام کی مرضی کیخلاف اب کوئی آمر غیر آئینی اقدام نہیں کر سکتا۔ ملک میں اب صرف اور صرف آئین اور قانون کی حکمرانی ہو گی۔ 12 اکتوبر 1999کو اپنی دوسری آئینی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے14 سال پورے ہونے پر اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ اب ملک میں عوام اور آئین کے تحفظ کیلیے منتخب پارلیمنٹ آزاد عدلیہ اور متحرک میڈیا موجود ہیں۔ اب کوئی بھی عوام کی رائے کو نظر انداز کر کے اپنی من مانی کرتے ہوئے عوام کی منتخب حکومت کو رخصت نہیں کر سکتا۔ عوام نے جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنی جدوجہد سے جمہوریت کیلئے اپنی وابستگی کو ثابت کر دیا ہے۔ ہم عوام کے ساتھ مل کر جمہوریت کو اور مضبوط کریں گے۔ عوام کے مفادات کا مکمل تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت عوامی خواہشات کے خلاف کبھی کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) نے12اکتوبر 1999کے حوالے سے گزشتہ روز یوم سیاہ منایا، اس حوالے سے مختلف تقریبات ہوئیں، مسلم لیگ (ن) سندھ کا مرکزی پروگرام مسلم لیگ ہاؤس کارساز کراچی میں ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 12اکتوبر کا دن جمہوریت میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ قوم کو مکا دکھانے والا آج انگلی بھی نہیں دکھا سکتا یہ مکافات عمل ہے۔ انسداد دہشت گردی کے قانون میں ایک موثر ترمیم متعارف کرائی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مشاہد اللہ نے کہا مشرف نے آئین معطل کیا اور وزیراعظم کو گرفتارکیا۔ سابق آمر کے غیرسیاسی فیصلوں سے ملک کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوگیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے عالمی دن برا ئے ڈیزاسٹر ریڈکشن معذوری اور سانحات میں زندگی گزارنے کے موضوع پر اپنے پیغام میں کہا کہ معاشرہ کے کمزور طبقات کے حقوق کو یقینی بنانے کا عزم کر رکھا ہے تاکہ سانحات اور ہنگامی صورتحال کے دوران معذور افراد کا تحفظ کیا جا سکے۔

تبصرے بند ہیں.