وزیراعظم کا دورہ، ایجنڈے پر پاک امریکا مذاکرات کل ہونگے

وزیراعظم نوازشریف کے رواں ماہ کے آخری ہفتے میںہونے والے مجوزہ دورہ امریکا کا ایجنڈا طے کرنے کے لیے پاکستان اورامریکا کے درمیان کل(پیرکو) اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے ذمے دار ذرائع کے مطابق مذاکرات میں پاکستانی وفدکی سربراہی وزیراعظم کے قومی سلامتی اورخارجہ امورکے مشیرسرتاج عزیز کریں گے۔ وفدمیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ، امریکاکے لیے پاکستان کے نامزدسفیر جلیل عباس جیلانی اوردیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے جبکہ امریکی وفدکی قیادت امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان وافغانستان جیمزڈابنز کریں گے جو آئندہ 24گھنٹوں میں پاکستان پہنچیں گے۔امریکی وفدمیں پاکستان میں امریکی سفیررچرڈ اولسن اوردیگر اعلیٰ امریکی حکام شامل ہوںگے۔ ذمے دارذرائع کے مطابق وزیراعظم اس اہم دورہ امریکامیں امریکی قیادت سے بھارت کی طرزپر پاکستان سے سول نیوکلیئر معاہدے، ڈرون حملوںکی بندش، اگلے سال افغانستان سے امریکی اورنیٹو افواج کے انخلاکے بعدکی صورتحال،خطے کے معاملات میںپاکستان کے کلیدی کردار، طالبان سے مذاکرات، ایران اورچین سے پاکستان کے معاملات پرامریکی تحفظات سمیت دیگراہم امورپر بات چیت کریں گے۔ ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکامیں پاک امریکاسول نیوکلیئر معاہدے کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے۔

تبصرے بند ہیں.