خود ساختہ دوری ختم، آملا ٹی 20 کرکٹ میں واپس آگئے

ہاشم آملا خود ساختہ دوری ختم کرتے ہوئے ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں واپس آ گئے، جنوبی افریقہ نے اسٹار بیٹسمین کو پاکستان کیخلاف 2 میچز کی سیریز کیلیے اسکواڈ میں شامل کر لیا،حریف بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کیلیے پیسر ڈیل اسٹین بھی موجود ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق آملا نے گذشتہ برس سری لنکا میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد سے اس طرز کے کسی انٹرنیشنل مقابلے میں حصہ نہیں لیا، اب 15 میچز سے دور رہنے کے بعد انھیں ایک بار پھر مختصر طرز کی یاد ستانے لگی، پاکستان کیخلاف 13اور 15نومبر کو دبئی میں شیڈول دونوں میچز کیلیے سلیکٹرز نے انھیں پروٹیز اسکواڈ میں جگہ دیدی، وہ اس وقت آئی سی سی ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ کے نمبر ون بیٹسمین ہیں،کرکٹ جنوبی افریقہ کے سلیکشن کنوینر اینڈریو ہڈسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہاشم آملا تمام فارمیٹس کے ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں،ان کی شمولیت سے اسکواڈ مزید مضبوط ہو گا۔فاسٹ بولر ڈیل اسٹین بھی انجری سے نجات کے بعد دوبارہ منتخب ہو گئے، ہڈسن نے اسے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے تمام سینئر پلیئرز ایک بار پھر دستیاب ہیں، یاد رہے کہ اسٹین پاکستان اور سری لنکا سے گذشتہ دونوں سیریز میں حصہ نہیں لے سکے تھے،آملا اور اسٹین کیلیے فرحان بہردیان اور روری کلینویلڈ کو جگہ خالی کرنا پڑی۔ منتخب 15میں سے 12 کھلاڑی گرین شرٹس سے ون ڈے سیریز میں بھی شریک ہوں گے،3اضافی پلیئرز ہنری ڈیوڈز،آرون پھانگیسو اور ڈیوڈ وائسی ہیں، ون ڈے سیریز کے بعد روبن پیٹرسن، ورنون فلینڈر اور گریم اسمتھ واپس آ جائینگے۔ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، فاف ڈو پلیسس (کپتان)، ہاشم آملا، ہنری ڈیوڈز، کوائنٹن ڈی کوک، ابراہم ڈی ویلیئرز، پال ڈومنی، عمران طاہر، ریان میک لارین، ڈیوڈ ملر، مورن مورکل، وائن پارنیل، آرون پھانگیسو، ڈیل اسٹین، لونوابو سوٹسوبے اور ڈیوڈ وائسی۔ یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2ٹیسٹ کی سیریز 14اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے، اس کے بعد دونوں ٹیمیں 5 ون ڈے میچز میں آمنے سامنے ہوں گی۔

تبصرے بند ہیں.