الوداع ٹنڈولکر، پاکستان کی جانب سے بھی محبتوں کے پھول نچھاور

ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے بھارتی اسٹار سچن ٹنڈولکر پر پاکستان کی جانب سے بھی محبتوں کے پھول نچھاور کر دیے گئے۔ انھیں الوداع کہتے ہوئے کپتان مصباح الحق اور منیجر معین خان نے کارناموں پر خراج تحسین ادا کیا ہے، سابق کرکٹرز جاوید میانداد، محسن خان اور راشد لطیف نے بھی ٹنڈولکر کی ستائش میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ تفصیلات کے مطابق بیٹنگ کے بیشتر ریکارڈز قبضے میں کرنے کے بعد بھارتی لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا، وہ ویسٹ انڈیز کیخلاف 2ٹیسٹ کھیل کر24سالہ کیریئر کا اختتام کر دیں گے، دنیا بھر سے انھیں خراج تحسین ادا کیا جا رہا ہے، پاکستانی بھی اس میں پیچھے نہیں رہے، ابوظبی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ٹنڈولکر بہت بڑے کھلاڑی اور لیجنڈ ہیں، ان کے جیسے ماضی میں کوئی کھیلتے دکھائی نہیں دیا، جب وہ ریٹائر ہوئے تو ہم ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ہو جائیں گے، ان کے جانے سے ایک بڑا خلا پیدا ہو گا۔انھوں نے مزید کہا کہ میں بھارتی اسٹار کے مستقبل کیلیے نیک خواہشات رکھتا ہوں، کرکٹ کیلیے خدمات پر ہم ان کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں وہ کم ہے، ہر کوئی ان کی کمی محسوس کرے گا۔ سابق پاکستانی کپتان اور موجودہ منیجر معین خان نے کہا کہ میں جب بھی ٹنڈولکر کیخلاف کھیلا وہ یادگار رہا، کبھی ہم انھیں جلدی آؤٹ کر لیتے تو کبھی وہ ہمارے خلاف رنز کرتے،وہ سب کیلیے ایک مثال اور ہر کسی کو تحریک دلانے کا باعث بنتے ہیں، انھیں حیرت انگیز صلاحیتوں کا حامل ہی قرار دیا جا سکتا ہے،آئندہ 10 صدیوں میں بھی کوئی تمام فارمیٹس میں ان کی طرح طویل عرصے نہیں کھیل سکتا۔ دوسری جانب سابق قائد اور موجودہ ڈی جی پاکستان کرکٹ بورڈ جاوید میانداد نے کہا کہ ٹنڈولکر کو بھارتی کرکٹ میں رول ماڈل کی حیثیت حاصل رہی، اسی وجہ سے آج ہمیں وہاں اعلیٰ معیار کے بیٹسمین نظر آ رہے ہیں۔ سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ وکٹ کیپر کی حیثیت سے میں ان کی خدادا صلاحیتوں کا متعرف ہوں، ان کے اسٹروکس قابل دید ہوا کرتے تھے، سابق چیف سلیکٹر محسن حسن نے کہا کہ ٹنڈولکر کی ریٹائرمنٹ سے انٹرنیشنل کرکٹ ایک اچھے بیٹسمین سے محروم ہو گئی، ان جیسے بیٹسمین مشکل سے ہی پیدا ہوتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.