سینڈی طوفان سے متاثرین کی بحالی کیلئے 64 سالہ ڈیانا نائیڈ کی مسلسل 48 گھنٹے تک تیراکی

امریکی تیراک ڈیانا نائیڈ نے سینڈی طوفان کے متاثرین کی بحالی کے لئے مسلسل 48 گھنٹے تک تیراکی کرکے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر سے زائد رقم جمع کرلی۔ 64 سالہ امریکی تیراک ڈیانا نائیڈ نے سینڈی طوفان کے متاثرین کی فنڈنگ کے لئے نیویارک میں منگل کے روز تیراکی شروع کی جو بغیر کسی وقفے کے جمعرات کی صبح تک جاری رکھی، اس دوران انہوں نے متاثرہ افراد کے لئے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر سے زائد فنڈ اکٹھا کیا۔ 48 گھنٹے تک تیراکی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈیانا نائیڈ کا کہنا تھا کہ مسلسل تیراکی کے باعث میں بہت زیادہ تھک چکی ہوں، یہ عمل انتہائی مشکل تھا لیکن اسے مکمل کرنے پر بے حد خوش ہوں۔ انہوں نے کہاکہ متاثرین کے لئے فنڈنگ جمع کرنے کےلئے اگر انہیں دوبارہ تیراکی کرنا پڑی تو وہ یہ کام خوشی سے کریں گی، اس سے پہلے ڈیانا نائیڈ نے کیوبا سے فلوریڈا تک بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے مسلسل 58 گھنٹے تک تیراکی کرکے 110 میل کا طویل فاصلہ طے کرنے والی پہلی شخصیت کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں آنے والے سینڈی طوفان نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا تھا اور اس ہولناک طوفان کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.