یو اے ای کے بولرز نے رنز بنانا محال کردیا، یونس خان

ابوظبی: سینئر بیٹسمین یونس خان نے تسلیم کیا کہ یو اے ای کے بولرز نے رنز بنانا محال کردیا تھا، انھوں نے کہا کہ نپی تلی بولنگ کا سامنا کر کے ہمیں بھرپور پریکٹس کا موقع مل گیا،اپنی اننگز سے کافی خوش ہوں۔ تفصیلات کے مطابق یونس خان نے میزبان کے خلاف 2 روزہ وارم اپ میچ میں 103 رنز بنائے تھے۔ انھوں نے کہا کہ میرے لیے ضروری تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل کچھ رنز بنالوں اسی لیے اب کافی خوش ہوں، میں یو اے ای کے بولرز کو بھی کریڈٹ دینا چاہوں گا جنھوں نے ہمارے لیے رنز بنانا مشکل بنائے رکھا، گرمی بھی بہت زیادہ تھی اور میزبان بولرز نے اچھی بولنگ کی جس سے ہمیں اچھی پریکٹس حاصل ہوگئی۔ یونس خان اچھی طرح جانتے ہیں کہ پروٹیز کے خلاف ان کی پرفارمنس کافی اہم ہوگی، ان کا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ ایک سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں، اس سے مجھ پر کوئی اضافی پریشر نہیں ہوتا بلکہ میں صرف بڑی ٹیموں کے خلاف بہتر کارکردگی پیش کرنا چاہتا ہوں۔عدنان اکمل کے بارے میں انھوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ اس نے اب ذمہ داری لینا شروع کردی اور ملنے والے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا، چونکہ ہمارے پاس زیادہ کھلاڑی نہیں تھے اس لیے انھیں ٹاپ پر کھلایا۔ یونس خان نے واضح کیا کہ بطور اوپنر اچھا کھیلنے کے باوجود عدنان کو ٹیسٹ میچز میں اس پوزیشن پر نہیں کھلایا جائے گا، انھوں نے کہا کہ عدنان نے رنز اسکور کیے مگر ہمیں ایک اسپیشلسٹ اوپنر کی ضرورت ہے جس کیلیے اے ٹیم کی جانب دیکھ رہے ہیں، ہمیں ایسا اوپنر درکار ہے جو ہمیں مضبوط بنیاد مہیا کرے اور ہم اس سے فائدہ اٹھا کر بڑی اننگز تشکیل دے سکیں۔

تبصرے بند ہیں.