شارجہ :گرم موسم نے پروٹیز کے ہوش ٹھکانے لگا دیے

شارجہ: متحدہ عرب امارات پہنچتے ہی گرم موسم نے پروٹیز کے ہوش ٹھکانے لگا دیے۔ بولنگ کوچ ایلن ڈونلڈ کا کہنا ہے کہ گرمی سے نمٹنا ہمارے لیے چیلنج ہوگا،نمبر ون سائیڈ ہونے کے ناطے اپنا معیار برقرار رکھنا چاہیں گے، پاکستانی بیٹسمینوں کو بڑی شراکتیں قائم کرنے سے روکنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں ان دنوں موسم خاصا گرم ہے، جنوبی افریقی ٹیم کو یہاں پہنچتے ہی اس کا اندازہ ہو گیا، بولنگ کوچ ایلن ڈونلڈ نے کہاکہ 1993 میں یہاں پر کرکٹ کھیلنے کے بعد اب پہلی بار شارجہ واپس آیا، ہمارے لیے سب سے زیادہ دلچسپی کا پہلو یہاں کی کنڈیشنز ہوں گی۔خاص طور پر یہاں گرمی بہت زیادہ اور اس سے نمٹنا ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہوگا۔ ڈیل اسٹین کے بارے میں ڈونلڈ نے کہا کہ فاسٹ بولر کافی آرام کرچکا اور اس کی انجریز بھی ختم ہوگئیں، وہ اب 30سال کے ہوچکا اس لیے ہم دیگر بولرز کی طرح اسے بھی احتیاط سے استعمال کرتے ہیں، وہ اس سیریز میں کھیلنے اور اپنا تاثر چھوڑنے کیلیے بے چین ہے۔ ڈونلڈ نے مزید کہا کہ یہاں کی وکٹیں مجھے پاکستان کی یاد دلاتی ہیں، یہ بیٹنگ کے لیے بہترین اور اسپنرز کے لیے موافق ہوتی ہیں، مگر فاسٹ بولرز کو بھی صبر اور درست ایریاز میں ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنے کا صلہ مل سکتا ہے۔ جب ہم پاکستان میں کھیلا کرتے تھے تو ہماری کوشش ٹاپ آرڈر کو جلد سے جلد نشانہ بنانے کی ہوتی تھی، یہی حکمت عملی یہاں اختیار کرنا ہوگی، اس کیلیے بولرز کو کچھ رنز کی قربانی دینے کیلیے بھی تیار رہنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے اہم بات یہ ہوگی کہ اگر بڑی شراکت بننا شروع ہو تو جلد سے جلد اس کا خاتمہ کریں، کامیابی کیلیے آپ کو زیادہ ہوشیاری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہوگی کیونکہ یہ ایسی پچز نہیں ہیں جہاں پر آپ آئیں اور وکٹیں لینا شروع کردیں، آپ کو ہر سیشن کے بعد وکٹ پانے کا طریقہ سوچنا پڑے گا اور اس کے لیے ذہنی مضبوطی درکار ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.