انتخاب اپنے ’ انتخاب ‘ واٹمور کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے

کراچی: پی سی بی آفیشل انتخاب عالم نے کوچ ڈیو واٹمورکو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرادی۔ ان کا کہنا ہے کہ واٹمور انتھک محنت کررہے ہیں، کوچنگ میں کبھی بھی آپ کو صلہ نہیں ملتا، بورڈ کا کرتا دھرتا ہونے کا الزام درست نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ انتخاب عالم پاکستان کرکٹ بورڈ میں کافی اہمیت رکھتے اور کئی برس سے مختلف عہدوں پر کام کررہے ہیں، وہ اس کمیٹی کے بھی سربراہ تھے، جنھیں ہیڈ کوچ کی تلاش کا کام سونپا گیا تھا، ملک کے اندر کئی ماہرین کی موجودگی کے باوجود سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیو واٹمور کا انتخاب کیا گیا تھا، جو اس وقت خراب نتائج کی وجہ سے مسلسل تنقید کی زد میں ہیں مگر انھیں اب بھی انتخاب عالم کی حمایت حاصل ہے، اس بارے میں انتخاب کا کہنا ہے کہ میں خود کوچنگ کرچکا اس لیے اچھی طرح جانتا ہوں کہ اس میں آپ کی خدمات کاصلہ نہیں ملتا۔میرے خیال میں واٹمور ہماری ٹیم کے ساتھ سخت محنت کررہے ہیں، وہ وہی کام کرتے جس کو درست سمجھتے ہیں، واٹمور نے بیٹنگ کوچ کی عدم موجودگی میں یہ اضافی ذمہ داری بھی خود سنبھالی ہوئی ہے، یہ درست ہے کہ پاکستانی بیٹسمینوں کی پرفارمنس زوال کا شکار ہوئی ہے مگر آخر میں یہ پلیئرز ہی ہوتے ہیں جنھیں فیلڈ میں پرفارم کرنا ہوتا ہے، کوچز صرف ان کی رہنمائی کرسکتے ہیں، لڑنا پلیئرز کو خود ہی پڑتا ہے، واٹمور اپنا کام احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں، کرکٹ اب کافی تبدیل ہوگئی ہے مگر اس کی بنیادی چیزیں اب بھی ویسی اور بیٹسمینوں کے لیے پہلے جیسی ہی اہلیت اب بھی برقرار ہے۔ انتخاب عالم نے مزید کہا کہ بورڈ جلد ہی بیٹنگ کوچ کا بھی تقرر کرنے والا ہے مگر ابھی یہ تصدیق نہیں کی جاسکتا کہ وہ مقامی ہوگا یا کوئی غیرملکی۔ بورڈ کے کرتا دھرتا ہونے سے متعلق سوال پر انتخاب نے کہا کہ ایسی کوئی بھی بات نہیں ہے، میں صرف اس وقت ہی اپنے رائے پیش کرتا ہوں جب مجھے اس کا کہا جاتا ہے، کوئی بھی فیصلہ اجتمائی طور پر کیا جاتا اور چیئرمین سے اس کی منظوری لی جاتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.