توانائی بحران کاحل نجی سرکاری اشتراک ہے،اظہرسعیدبٹ

ملتان: وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چیئرمین اظہر سعید بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کا بحران پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں چین اور دوسرے ملکوں کی سرمایہ کاری اس بحران پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ گزشتہ روز ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو بجلی اور گیس دونوں شعبوں میں بحرانی کیفیت کا سامنا ہے جبکہ خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے درآمدی بل میں اضافہ کرکے خسارہ بڑھا دیا ہے جس سے پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن کو برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سرمایہ کاروں کو مزید ترغیبات فراہم کرنے کے علاوہ سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنا ہوگا۔اظہر سعید بٹ نے کہا کہ فیکٹ انٹرنیشنل نے پاکستان میں آئل، گیس وبجلی پر نمائش منعقد کرکے پاکستانی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو موقع فراہم کیا ہے تا کہ وہ پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کے روایتی ذرائع کے علاوہ کوئلے، بائیو گیس، کوڑا کرکٹ، ونڈ و دیگر ذرائع سے توانائی پیدا کرنے کے لیے نئے مواقع تلاش کریں کریں۔ انہوں نے بتایا کہ فیکٹ انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ نمائش کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے 500 سے زائد کمپنیوں کے نمائندوں نے سرمایہ کاری کی غرض سے رابطے کیے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.