بیشتر اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافہ

لندن: بیشتر اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مارکیٹس میں شام پر امریکا روس معاہدے کے بعدجنگ کا خطرہ ٹلنے کے بعد امریکی بینکاری ریگولیٹر کی جانب سے 85 ارب ڈالر کا ماہانہ معاشی سپورٹ پیکیج برقرار رکھنے کا مثبت اثر ہوا۔ شام پر فوری حملے کا خطرہ ٹلنے سے مشرق وسطیٰ میں تیل سپلائی سے متعلق خدشات دور ہونے کے باعث گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی، لندن انٹرکانٹینینٹل ایکسیچینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی اکتوبر میں فراہمی کے لیے قیمت 111.90 ڈالر سے گھٹ کر 109.05 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکسیچینج میں لائٹ سوئٹ کروڈ کی اکتوبر میں فراہمی کے لیے قیمت 107.58 ڈالر سے گھٹ کر 105.59 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ قیمتی دھاتوں کے سلسلے میں گزشتہ ہفتے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1318.5 ڈالر سے بڑھ کر 1349.25 ڈالر فی اونس پر آگئی اور چاندی کے نرخ 21.72 ڈالر سے بڑھ کر 22.74 ڈالر فی اونس ہوگئے۔لندن پلاٹینم وپلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1441 ڈالر سے بڑھ کر 1447ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی قیمت 26 ڈالر کے اضافے سے 726 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ گزشتہ ہفتے بنیادی یا صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، لندن میٹل ایکسچینج میں تانبے کی قیمت 7055 ڈالر سے بڑھ کر7346 ڈالر فی ٹن، الومینیم 1791.50 ڈالر سے بڑھ کر 1827 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی قیمت 2091.5 ڈالر سے بڑھ کر 2105 ڈالر فی ٹن، ٹین کی قیمت 22579 ڈالر سے بڑھ کر23285 ڈالر فی ٹن، نکل کی قیمت 13692 ڈالر سے بڑھ کر 14370 ڈالر فی ٹن اور زنک کی قیمت 1868 ڈالر سے بڑھ کر1900 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔ گزشتہ ہفتے چینی کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان رہا، خام چینی کی قیمت 17.14 ڈالر سے بڑھ کر 17.73 سینٹ فی پونڈ اور سفید چینی کی قیمت 492.90 ڈالر سے گھٹ کر 486.5 ڈالر فی ٹن ہو گئی۔ گزشتہ ہفتے مکئی کی قیمتیں سپلائی میں اضافے سے گر گئیں جبکہ گندم کے نرخوں میں طلب بڑھنے سے اضافہ ہوا۔

تبصرے بند ہیں.