کراچی میں قیام امن کیلیے پولیس کامورال بلندکیاجائے،زبیرملک

کراچی: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے کراچی میں قیام امن کے لیے حکومت کے حالیہ اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے اسے قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ صدر ایف پی سی سی آئی زبیر ملک نے ہفتہ کو کاروباری برادری سے خطاب میں کہاکہ حکومت پاکستان کے اقتصادی مرکز کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کر کے امن کی بحالی میں سنجیدہ نظر آتی ہے، جرائم پیشہ افراد نے معاشرے کے تمام افراد کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور وہ بزنس کمیونٹی کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ حکام کو اختیارکے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات اور شہری حقوق پر سمجھوتہ کیے بغیر انسداددہشت گردی قانون میں ترامیم کا سنجیدگی سے نفاذ یقینی بنانا ہوگا۔ زبیرملک نے متنبہ کیا کہ اگر پولیس کا مورال پست اور گواہ، پراسیکیوٹر، وکیل و جج خوف کے ماحول میں کام کرتے رہے تو حکومتی اقدامات کا کوئی فائدہ نہیں۔ انھوں نے کہاکہ ماضی میں منصوبہ بندی کے فقدان اور بعض پالیسی سازوں کے امن پر سیاسی مفادات کو ترجیح دینے کی وجہ سے ایسے آپریشنز کامیاب نہیں ہوسکے جس کا نتیجہ معاشی نمو متاثر، ملک سے سرمائے کا انخلا اور صنعتیں بیرون ملک منتقل ہونے کی صورت میں نکلا۔انھوں نے کہاکہ روشنیوں کے شہر کے پیچیدہ مسائل قوانین میں ترامیم، کرفیو کے نفاذ یا غیرقانونی اسلحہ پکڑنے سے حل نہیں ہو سکتے، پائیدار امن کے لیے پولیس کا مورال بلند کرنا ضروری ہے تاکہ سیاسی تشدد سے نمٹا جاسکے، پولیس کا امیج بھی بہتربنانا ہوگا ورنہ سیکیورٹی منظرنامہ تبدیل نہیں ہوگا اور حالات بد سے بدتر ہوسکتے ہیں کیونکہ پولیس مقامی آبادی کے تعاون کے بغیر حالات بہترنہیں بنا سکتی۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے کہاکہ پولیس افسران کے پاس ہر اس چیز کی کمی ہے۔ جس کی انھیں عوامی وحکومتی توقعات کے مطابق فرائض کی انجام دہی کے لیے ضرورت ہے، پولیس جدیدآلات سے لیس نہیں، ان کے کام کا ماحول افسوسناک ہے جبکہ بھرتی سے ریٹائرمنٹ تک سیاسی مداخلت نے اس اہم محکمے کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں، موجودہ صورتحال میں پولیس سے خطروں کا مقابلہ کرکے عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے کی توقع خودفریبی سے بڑھ کر نہیں، پولیس اہلکاروں کے قاتلوں کو پکڑنا ضروری ہے اور بھتہ وپرچی مافیا سمیت مجرموں کو برداشت نہ کرنے کا ٹھوس پیغام دینا ہوگا، رابطے اور نگرانی کا نظام بھی پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی، امن و خوشحالی منی پاکستان میں امن سے مشروط ہے۔

تبصرے بند ہیں.