کراچی: بھتہ خوروں سمیت مزید 51 مشتبہ افراد گرفتار، میٹرول میں بیگ سے 3 دستی بم برآمد

کراچی: پولیس اور رینجرز کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں کی گئی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران بھتہ خوروں اور ایک جعلی پولیس اہلکار سمیت 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے گیا ہے جبکہ میٹروول سے ملنے والے ایک لاوارث بیگ سے برآمد ہونے والے دستی بموں کو بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنادیا گیا۔ سائٹ کے علاقے بیوہ کالونی میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 24افرادکوحراست میں لے لیا۔ حراست میں لئے جانے والے افراد میں دو مبینہ بھتہ خور بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزموں سے مسروقہ موٹرسائیکلیں اور اسلحے کی برآمدگی کا دعویٰ کیا ہے۔ اس علاقے میں کارروائی کے دوران ایک جعلی پولیس اہلکار کو بھی قابو کرلیا گیا ہے جس کے پاس سے پولیس کی وردی ، جعلی شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ مبینہ ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ شرافی گوٹھ میں پولیس نے چھاپہ مارکر مغوی لڑکی کو بازیاب کر کے تین اغواکاروں کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ شاہ فیصل کالونی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ سپر ہائی پر واقع بسم اللہ مارکیٹ میں پولیس نے مسافر خانوں میں کاروائی کر کے 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے کلفٹن بلاک 4 میں رہائشی فلیٹ پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مختلف وارداتوں میں مطلوب ملزم غلام رسول کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب میٹروول میں سڑک کے کنارے مشکوک بیگ کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز اہلکار بروقت موقع پر پہنچ گئے اور بیگ کی تلاشی کے دوران اس میں سے 3 دستی بم برآمد کرلئے بعد ازاں انہیں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنادیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.