لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکااشرف نے کہا ہے کہ فاسٹ بولنگ کیمپ اور ایبٹ آباد میں ٹریننگ کی بدولت چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کا بہترین موقع ملا۔ امید ہے کہ قومی ٹیم کی پرفارمنس قوم کی توقعات کے مطابق ہوگی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وسیم اکرم نے نئے ٹیلنٹ کو نکھارنے اور قومی ٹیم میں شامل بولرز کو ایونٹ کیلیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا، بورڈکو جاوید میانداد اور انتخاب عالم جیسے بڑے کرکٹرز کی خدمات حاصل ہیں، ہم ان کی مشاورت سے کرکٹ کے فروغ کیلیے کوشاں ہیں۔انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلیے انگلینڈ کے ماحول سے مطابقت کی بنا پر ایبٹ آباد میں کیمپ لگایا تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر انداز میں تربیت کے مواقع فراہم کیے جاسکیں، وسیم اکرم، جاوید میانداد اور کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کے ساتھ بڑی محنت کی جس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ پوری امید ہے کہ بہترین تیاری کے ساتھ انگلینڈ جانے والی ٹیم قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل کرکٹ کے لیے دھڑکتے ہیں،ملک میں کرکٹ کے فروغ اور انٹرنیشنل مقابلوں کی بحالی کیلیے تمام تر توانائی استعمال کر رہے ہیں، اگرچہ یہ مشکل کام مگر امید ہے کہ مسلسل کوشش کے بعد اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرلیں گے۔
تبصرے بند ہیں.