سعودیہ کا غیر قانونی بیرونی ورکرز کو قیدو جرمانے کا انتباہ

ریاض: سعودی حکومت نے غیرقانونی بیرونی ورکرز کو متنبہ کیا ہے کہ ورک پرمٹ کی تجدید کے لیے دی گئی مہلت سے فائدہ نہ اٹھایا گیا تو 3 جولائی کے بعد ایسے تارکین وطن ورکرز کو قید وجرمانے کی سزا ہوسکتی ہے اور غیرقانونی ورکرز کو پناہ دینے والے ایمپلائرز کو بھی 2 سال کی جیل ہو سکتی ہے۔ وزارت داخلہ ومحنت سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق ایسے غیرملکی ورکرز جن کے ورک اور ریزیڈنسی پرمٹس کی مدت ختم ہو چکی ہے وہ خصوصی اقدامات سمیت جرمانے کے بغیرایمنسٹی سے فائدہ اٹھائیں جس کے تحت انھیں ایمپلائر کی مشروط تبدیلی کی اجازت دی جا سکتی ہے تاہم اس ایمنسٹی سے سعودی عرب میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب میں 80 لاکھ غیرملکی کارکن کام کر رہے ہیں جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ 20 لاکھ غیررجسٹرڈ غیرملکی ورکرز ان کے علاوہ ہیں۔ یاد رہے کہ سعودی وزیرمحنت نے مقامی افراد کو ملازمتوں کی فراہمی کے لیے نئے قوانین متعارف کرائے ہیں جس کے تحت غیرملکی کارکنوں کی تعداد میں کمی لائی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.