آئی ایم ایف وفد مذاکرات کیلیے جون میں پاکستان کا دورہ کریگا

کراچی: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش اقتصادی خطرات سے نمٹنے کے متعلق بات چیت کے لیے وفد جون کے آخر میں اسلام آباد کے دورے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کمیونٹی کیشن ڈپارٹمنٹ گیری رائس نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران پاکستان سے متعلق سوال پرکہا کہ پاکستان نے نئے قرض پروگرام کے لیے باضابطہ طور پر کوئی درخواست نہیں کی۔ پاکستان میں اقتصادی بحران، پاکستانی وفد سے گزشتہ ماہ مذاکرات، انتخابات اور اس کے بعد نئی حکومت بننے کے فوری بعد آئی ایم ایف کی پلاننگ کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہاکہ آئی ایم ایف حکام نے چند ہفتے قبل بہاریہ اجلاسوں کے موقع پر پاکستانی حکام سے ملاقات کی تھی، اس وقت پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز پر بات ہوئی اور ہم نے ان پر معاشی استحکام کے لیے فوری ضروری اقدامات کرتے ہوئے مستقبل میں گروتھ کی بنیاد رکھنے پر زور دیا تھا۔گیری رائس نے کہا کہ انتخابات ہونے والے ہیں اور ہم ان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے ہوئے ہیں، فنڈ کی ٹیم جون کے آخر میں اسلام آباد کے دورے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ پاکستان کو درپیش اقتصادی خطرات کو کم کرنے پر پالیسی مذاکرات جاری رکھے جاسکیں۔ آئی ایم ایف کی جانب سے وفد سے ملاقات کے دوران پاکستان کو 5 ارب ڈالر کی امداد سے متعلق خبروں کے سوال پر انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکام نے نئے پروگرام کے لیے باضابطہ طور پر کوئی درخواست نہیں کی۔

تبصرے بند ہیں.