بیل آؤٹ پیکیج سے اسٹیل ملز کی پیداوار بڑھے گی، سی ای او

کراچی: سی ای او پاکستان اسٹیل میجرجنرل ریٹائرڈ محمد جاوید نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو، وزیر پیداوار شہزادہ احسن اشرف شیخ، فنانشل ایڈوائزر ڈاکٹر امجد، سیکریٹری پروڈکشن شاہداللہ بیگ، سیکریٹری فنانس ڈاکٹر وقار مسعود ، ڈائریکٹر جنرل ڈیٹ مسرور قریشی اور این بی پی کا انتہائی عزت و احترام کیساتھ شکریہ ادا کیا کہ انکی ذاتی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان اسٹیل کو 11 ارب روپے کا بیل آؤٹ پیکیج پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے دیا گیا۔ انھوں نے افسروں اور ورکرز کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اب جبکہ حکومت نے اپنا کام نہایت ہی فراخدلی کے ساتھ کر دیا ہے تو یہ پاکستان اسٹیل کے ہر افسر اور ورکر کی ذمے داری بن جاتی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان اسٹیل کو پھر ان بلندیوں تک پہنچادیں جہاں پر پاکستان اسٹیل ایک منافع بخش ادارہ بن کرپاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کر سکے۔ سی ای او نے آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت شیڈول بینکوں سے 11 ارب روپے حاصل کرنے کے لیے ضمانتیں فراہم کرے گی۔یہ رقم ایک الگ اکاؤنٹ میں جمع ہوگی جو صرف ادارے کی بحالی کے مقصد سے کھولا جائیگا، یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اکاؤنٹ کو چلانے کے لیے ایس او پی متعارف کرایا جائے گا تاکہ ملازمین کی تنخوائیں اور پینشن متاثر نہ ہوں۔ انھوں نے ورکرز سے کہاکہ آپ کی صلاحیتوں کا ثبوت آج کی پیداواری صلاحیت ہے جو ان تمام حالات کے باوجود 25 فیصد پر برقرار ہے جو اس بیل آؤٹ پیکیج کی مدد سے اگست میں 60 فیصد اور سال کے آخر تک 80 تک پہنچ جائے گی۔ انھوں نے زور دیا کہ اب ہمیں یکسوئی کی بہت ضرورت ہے اور ہمیں کسی بھی بیرونی پروپیگنڈے سے متاثر ہونے کی ضرورت نہیں ہے

تبصرے بند ہیں.