لکی مروت اورنوشہرہ میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے ثبوت نہیں ملے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے لکی مروت اور نوشہرہ میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکے جانے پر انکوائری رپورٹ جاری کردی جس میں لکھا ہے کہ دونوں حلقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے ثبوت نہیں ملے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے دونوں حلقوں کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹیوں نے اپنی رپورٹ تیار کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوا دی ہیں جن کےمطابق این اے 5 نوشہرہ اور این اے 27 لکی مروت میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے شواہد نہیں ملے اور انہوں نے اپنی مرضی سے انتخابات میں اپنا حق رائے شماری استعمال نہیں کیا۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر ان حلقوں میں دوبارہ بھی انتخابات کرائے گئے تو بھی خواتین ووٹ ڈالنے کے لئے نہیں نکلیں گی لہذاٰ ان حلقوں میں دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ سودمند ثابت نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ 22اگست کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے 5 اور این اے 27 میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکے جانے کی میڈیا رپورٹس کا پشاور ہائی کورٹ نے نوٹس لیا تھا اورالیکشن کمیشن کو معاملے کی تحقیقات کرانے کا حکم دیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.