نیپال کو پچھاڑنے والے افغانستان کی فائنل میں رسائی

کھٹمنڈو: افغانستان نے نیپال کو ایک گول سے ہراکر ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ میزبان ٹیم کا پہلی بار ٹائٹل میچ کھیل کر تاریخ رقم کرنے کا خواب پورا نہ ہوسکا، سنجار احمدی کا 11 ویں منٹ میں داغا گیا گول ہی فیصلہ کن ثابت ہوا۔ کھٹمنڈو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ساف فٹبال چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں افغانستان نے میزبان نیپال کو سخت مقابلے کے بعد ایک گول سے شکست دے کر فائنل میں قدم رکھ دیا۔ میچ کے پہلے ہی منٹ میں میزبان فارورڈ انیل گورنگ کو گول کرنے کا سنہری موقع ملا جسے افغان گول کیپر نے ناکام بنا دیا، تیسرے منٹ میں مہمان اسٹرائیکر فقرالدین کی فری کک پر بال گول پوسٹ سے باہر چلی گئی، 11ویں منٹ میں سنجار احمدی نے انفرادی کوشش سے خوبصورت گول کرتے ہوئے افغان ٹیم کو برتری دلادی۔ پہلے ہاف کے آخری لمحات میں افغانی گول کیپر فاگی یار نے میزبان فارورڈز کے کئی حملوں کو ناکام بنایا۔وقفہ کے بعد مقابلے کے آغاز میں ہی میزبان کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور افغان گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ شروع کردیا لیکن گول کیپر فاگی یار نے ان کی ایک نہ چلنے دی۔ 55 ویں منٹ میں مہمان سائیڈ نے محمد یوسف کی جگہ احمد عراش کو میدان میں اتار کر پہلی تبدیلی کی، 3 منٹ بعد نیپال نے راجو تامنگ کی جگہ اپنے سب سے خطرناک اسٹرائیکر بیمل گھارتی کو ایکشن میں آنے کا موقع فراہم کیا۔نیپال فارورڈز کو ڈی کے باہر روکنے کی کوشش میں افغانی ڈیفنڈر فرزاد غلام زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔کھیل کے 83 ویں منٹ میں نیپال کو گول کرنے کا سنہری موقع ملا مگر انیل گورنگ کی کک پر بال گول پوسٹ کو چھو کر گزر گئی، آخری 10 منٹ میں میزبان کھلاڑیوں نے مقابلہ برابر کرنے کی بہت کوشش کی مگر ناکام رہے، 9 منٹ کے انجری ٹائم میں بھی افغان دفاعی پلیئرز نے کوئی غلطی نہ کی اور مقابلہ 1-0 سے اپنے نام کرلیا۔ افغان ٹیم کا فیصلہ کن معرکہ بھارت اور مالدیپ کے مابین پیر کو ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.