پریمیئر لیگ، انگلش پلیئرز کی کم ہوتی تعداد پر گلین فکرمند

لندن: سابق انگلش منیجر گلین ہوڈلے نے پریمیئر لیگ میں حد سے زائد غیرملکی پلیئرز کھلانے پر ایکشن لیے جانے کا مطالبہ کردیا۔ انھوں نے انگلش فٹبال ایسوسی ایشن ( ایف اے ) کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انگلش پریمیئر لیگ میں بیرون ممالک سے کم معاوضے پر پلیئرز بلانے سے مقامی فٹبالرز کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے، گذشتہ دنوں ایف اے کے نئے چیئرمین گریگ نے بھی اعتراف کیا کہ یہ بڑا خطرناک رجحان ہے کہ مقامی فٹبالرز لیگ میں شامل نہیں ہوپاتے کیونکہ کلبز کم معاوضوں پر باہر کے ممالک سے پلیئرز کو بلالیتے ہیں، میدان میں اترنے والی ٹیموں میں انگلش پلیئرز کی نمائندگی کا تناسب32 فیصد ہوتا ہے۔1996 سے 1999 تک انگلش فٹبال ٹیم کی کوچنگ کرنیوالے ہوڈلے نے مزید کہا کہ اگرایف اے نے اس پر ایکشن نہیں لیا تو یہ عمل جاری رہے گا، انھوں نے کہا کہ ہمیں اسکواڈ میں زیادہ سے زیادہ 5 غیرملکی فٹبالرز شامل کرنے کی اجازت دینی چاہیے جبکہ باقی ماندہ اسکواڈ انگلش پلیئرز پر مشتمل ہونا چاہیے، انھوں نے حکام کو متنبہ کیا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ پریمیئر لیگ میں انگلش پلیئرز کی نمائندگی کا تناسب کم ہوتا جارہا ہے، ہمیں انگلش ٹیلنٹ پر توجہ دینا ہوگی، اگر کسی کلب کے پاس بیرون ممالک سے 17،18 یا 20 برس کی عمر میں کوئی فٹبالر آتا ہے تو پھر وہ اس کیلیے 10 سالہ پلان وضع کرسکتا ہے،جیسا کہ نیدرلینڈزمیںہوتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.