کسی سینئر پلیئر سے کوئی اختلاف نہیں، عمر اکمل

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین عمر اکمل کا کہنا ہے کہ کسی سینئر سے کوئی اختلاف نہیں، ٹیسٹ کلیئر آنے کے بعد بڑا پرسکون اور ایک بار پھر بھرپور طریقے سے ایکشن میں نظر آنے کیلیے بیتاب ہوں۔ تفصیلات کے مطابق کیربیئن پریمئیر لیگ کے دوران فٹنس مسائل سامنے آنے پر واپس بلائے جانے والے عمر اکمل کو پی سی بی نے دورئہ زمبابوے سے روک کر ان کا تفصیلی طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ لاہور اور کراچی میں کرائے جانے والے ٹیسٹ کی رپورٹس میں مڈل آرڈر بیٹسمین کی فٹنس کے حوالے سے شکوک دور ہوگئے۔ گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بات کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ صحت کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی خبروں کی وجہ سے خاصا پریشان رہا، ویسٹ انڈیز سے واپسی پر حیران تھا کہ مجھے کونسی بیماری ایسی لگ گئی کہ جس پر اتنا شور مچ رہا ہے اور میں صحتیاب نہیں ہوسکتا۔شکر ہے کہ تمام ٹیسٹ کلیئر آئے ہیں جس کے بعد خود کو بڑا پرسکون محسوس کر رہا ہوں۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ٹیم میں کسی سینئر کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں، سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ بڑے اچھے روابط ہیں اور وہ انٹرنیشنل مقابلوں کے دوران میری راہنمائی کرتے رہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز پر نظریں مرکوز کرلی ہیں، فارم اور فٹنس بحال رکھنے کیلیے روزانہ سخت پریکٹس کر رہا ہوں۔

تبصرے بند ہیں.