2020 اولمپکس گیمز کے میزبان کا فیصلہ آج ہوگا

بیونس آئرس: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی2020 اولمپکس کے میزبان کا فیصلہ ہفتے کو کرے گی، ٹوکیو، استنبول اور میڈرڈ میں سے کسی ایک کو جشن منانے کا موقع ملے گا جبکہ باقی 2 شہر افسوس سے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ بیونس آئرس میں ارکان کی ووٹنگ کے بعد نتیجے کا اعلان دنیا بھر میں براہ راست نشر کیا جائے گا، تینوں ممالک کے سیاسی سربراہان گیمز کے حصول کیلیے آخری کوششوں میں مصروف ہیں، بک میکرز میڈرڈ کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں،2011 کے تباہ کن زلزلے اور سونامی سے فوکوشیما ایٹمی پلانٹ کو نقصان کے بعد حفاظتی خدشات سے ٹوکیو کی بڈ کمزور پڑ گئی جبکہ میڈرڈ کو بحران سے متاثر معیشت سے متعلق پریشانی کا سامنا ہے ۔ حکومت کے خلاف مظاہرین سے نمٹنے کیلیے کارروائیوں اور پڑوسی ملک شام میں خونریز فسادات کی وجہ سے استنبول پر بھی دباؤ ہے۔ جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے، ترک ہم منصب رجب طیب اردگان اور اسپینش وزیر اعظم ماریانو راجوئے آئی او سی ارکان کو قائل کرنے کی آخری کوشش کرنے ہفتے کو ارجنٹائن کے دارالخلافہ پہنچ رہے ہیں۔ بڈ دینے والے شہروں میں بھی فیصلے کے انتظار اور جشن منانے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ ٹوکیو کے شاندار زیر زمین ٹرین سسٹم میں کئی ماہ سے لندن 2012 گیمز میں فاتح جاپانی ایتھلیٹس کی تصاویر سے مزین پوسٹرز لگے ہوئے ہیں، ان پر ’آئندہ یہ احساسات جاپان میں محسوس کیے جاسکیں گے’ درج ہے۔ وزارت تعلیم نے گذشتہ ماہ بتایا تھا کہ ایک سروے کے مطابق 92 فیصد عوام جاپان کی میزبانی کے حق میں ہیں۔ نیشنل ٹریننگ سینڑ کے قریب کاؤنٹ ڈاؤن کا ایک بورڈ لگایا گیا جہاں ایلیٹ ایتھلیٹس آئی او سی ووٹنگ کے بقیہ دنوں کی نشاندہی کررہے ہیں۔ 1964 ٹوکیو اولمپکس میں ایک بوائے اسکاؤٹ کی حیثیت سے حصہ لینے والے ساٹو کا کہنا ہے کہ چند شہروں نے 2 مرتبہ اولمپکس کی میزبانی کی، ہمیں یہ موقع ملا تو اس سے جاپان کو دوبارہ تقویت کا موقع ملے گا، تقریباً 50 برس گزر چکے لہذا میں چاہتا ہوں ٹوکیو میں گیمز منعقد ہوں۔میڈرڈ میں ورکرز پلازہ ڈی لا انڈیپینڈینسیا پر ایک بڑا اسٹیج تیار کرنے میں مصروف ہیں، وہاں ہفتے کی دوپہر اور شام کوکنسرٹس منعقد اور اسپورٹس شخصیات جمع ہوں گی، نزدیک ہی ایک بڑی اسکرین پر براہ راست آئی او سی کے فیصلے کو براڈ کاسٹ کیا جائے گا۔ سڑک کے ساتھ ہی میڈرڈ سٹی ہال میں گیمز کیلیے شہر کے منصوبوں کی ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا، اس میں دکھایا گیاکہ کس طرح ریئل میڈرڈ کے سانتیاگو برنابیو اسٹیڈیم اور لاس وینٹاز سمیت کئی موجودہ وینیوز کو استعمال کیا جاسکے گا۔ جمعرات کو مارکیٹ ریسرچ گروپ اوپینیا کے ایک سروے میں بتایا گیا تھا کہ77 فیصد اسپینش عوام میڈرڈ کی بڈ کے حق میں ہیں، فارمولا ون ڈرائیور فرنانڈو الونسو کا کہنا ہے کہ گذشتہ 2 بڈز میں ناکامی کے بعد میڈرڈ گیمز کا مستحق ہے۔ توقع ہے کہ استنبول میں ہزاروں افراد ہاگیا صوفیہ اور نیلی مسجد کے درمیان سلطان احمد اسکوائر پر نصب ایک بڑی اسکرین پر آئی او سی ووٹنگ کا نظارہ کریں گے، وزیر کھیل سواٹ کیلک نے کہاکہ استنبول معاشی اور حمایتی دونوں طرح تیار ہے، ہر کسی نے استنبول 2020 میں اپنا حصہ ڈالا، ہم نے ووٹ دینے والے تمام نمائندوں سے ملاقات کی، ہم 2020 گیمز کی میزبانی کے حقدار ہیں۔ دونوں شہروں کی طرح ایک مسلمان ملک میں بھی پہلی مرتبہ اولمپکس گیمز کی میزبانی کیلیے زبردست جوش و جذبہ پایا جاتا ہے۔ ٹوکیو میں گذشتہ ہفتے کے اختتام پر ایک چھوٹے گروپ نے بڈ کیخلاف مظاہرہ کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ گیمز پر خرچ کی جانے والی خطیر رقم کو فلاح و بہبود کیلیے استعمال کیا جانا چاہیے، مظاہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں فوکوشیما ایٹمی پلانٹ سے پیدا ہونے والی تابکاری کے اثرات سے پریشانی ہے۔

تبصرے بند ہیں.