ہوم سیریز؛ جنوبی افریقہ بھارتی بورڈ کی منت سماجت پر اتر آیا

جوہانسبرگ: سیریز خطرے میں دیکھ کرجنوبی افریقہ بھارتی بورڈ کی منت سماجت پر اتر آیا۔ آئندہ ہفتے دبئی میں بی سی سی آئی حکام کو منانے کی کوشش ہوگی، 16 اور 17 ستمبر کو آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں شیڈول چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی میٹنگ میں سیکریٹری سنجے پٹیل اور کرکٹ جنوبی افریقہ کے نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہارون لورگاٹ میں ملاقات ہوگی،دونوں ممالک نے رواں برس کے اواخر میں شیڈول سیریز کے مسائل کو حل کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس دورے کو بھارت کی جانب سے مختصر کیے جانے کی رپورٹس آئیں، اس سے قبل پروٹیز مکمل دورے کا پروگرام میڈیا کو جاری کرچکے ہیں، ان رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے لورگاٹ نے کہا کہ ہمیں بھارتی ٹیم کے مجوزہ دورہ جنوبی افریقہ کو مختصر کیے جانے کی اطلاعات پر تشویش ہے، میں سنجے کے ساتھ اپنی ملاقات میں موجودہ حالات میں بہترین ممکنہ شیڈول کیلیے کام کروں گا، بطور کھیل کے نگراں یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اسٹیک ہولڈرز کے بہترین مفاد میں اقدام کریں۔انھوں نے بھارتی بورڈ سے اپنی مخالفت کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ میری حد تک یہ بالکل واضح ہے کہ دونوں بورڈز ساتھ کام کرنے کیلیے پُرعزم ہیں، ہمارے درمیان گذشتہ 22 برس سے تعلقات بڑے شاندار رہے اور ہم انھیں مزید مضبوط کرنا چاہیں گے، انھوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ بھارتی حکومت کی حمایت پر مشکور رہیں گے جو انھوں نے ہمیں تاریک دور سے دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپس لانے کیلیے فراہم کی، لورگاٹ نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ دنیا کے طاقتور کرکٹ بھارتی بورڈ کو فیوچر ٹور پروگرام اور ڈی آر ایس پر ان سے مسائل ہیں، یہ تاثر بھی عام ہے کہ بھارتی آفیشلز لورگاٹ کی جنوبی افریقی بورڈ میں بطور چیف ایگزیکٹیو تعیناتی کے خلاف تھے،انھوں نے اپنی ٹیم کے مجوزہ دورے کو مختصر کرکے اس سے انتقام لیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.