ریفنڈز کی عدم ادائیگی پر ٹیکس افسران کیخلاف کارروائی کا اعلان

کراچی: وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرؤف چوہدری نے کہا ہے کہ سیلزٹیکس ریفنڈ کے تنازعات کا تصفیہ ہونے کے باوجود مقررہ15 دن کی ڈیڈ لائن میں ریفنڈ کی عدم ادائیگی سے متعلق ایف ٹی او کو شکایات موصول ہوئی ہیں جن کا ازالہ چیئرمین ایف بی آرکے ساتھ مل کرکیاجائے گا۔ ادارہ وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی شق موجود ہے جس کے رو سے فیصلے پر عمل نہ کرنے والے متعلقہ ٹیکس افسران کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی، یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے) کے اراکین سے خطاب میں کہی، پی ایچ ایم اے کے چیئرمین ایم جاوید بلوانی اور دیگر ٹیکسٹائل نمائندوں سلیم پاریکھ، نقی باڑی، خواجہ عثمان، رفیق گوڈیل، کامران چاندنہ، جنید ماکڈانے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش ٹیکسوں سے متعلق مسائل پیش کیے۔وفاقی ٹیکس محتسب نے کہا کہ ادارہ وفاقی ٹیکس محتسب کا جج اور مشیران کراچی اور لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں جا کر تاجروں کے ٹیکسوں سے متعلق مقدمات کی سماعت کریں گے، انہوں نے کہا کہ محکمہ کسٹمز کی سطح پر کسی بھی تنازعے کی صورت میں متعلقہ کنسائنمنٹ کے ساتھ دیگر کنسائنمنٹ کو روکنا درست نہیں، وفاقی ٹیکس محتسب چیئرمین ایف بی آر سے مل کر اس بارے میں واضح احکامات جاری کرائیگا، انہوں نے کہا کہ ٹیکس افسران کو حاصل صوابدیدی اختیارات کم سے کم ہونے چاہئیں اور وہ متعلقہ ٹیکس افسران کے خلاف صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال پر سخت ایکشن لیں گے۔ پی ایچ ایم اے کے چیئرمین جاوید بلوانی نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب میں 80 فیصد کیسز ریفنڈ کے دائر ہوتے ہیں، برآمدکنندگان کوئی ایسا نظام چاہتے ہیں جس سے بدعنوانیوں پر مشتمل ریفنڈ نظام سے ان کی جان چھوٹ جائے اور وہ یکسوئی کے ساتھ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے اپنا کردار اداکرسکیں، اس موقع پر ایف ٹی او کے مشیر جسٹس (ر) نادر خان اور مشیر منظور حسین قریشی بھی موجود تھے۔

تبصرے بند ہیں.