پاک بھارت سرحدی کشیدگی کے خاتمے کاخفیہ معاہدہ زیرغور

سرینگر: پاکستان اوربھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے خاتمے اورخاموشی کیلیے خفیہ معاہدے پر کام شروع ہوگیا۔ بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشیداور مشیرخارجہ پاکستان سرتاج عزیزکے درمیان 13 ستمبر کو اہم ملاقات کاامکان ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سرحدی کشیدگی کے خاتمے کیلیے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک خفیہ معاہدے پرکام شروع ہوچکا ہے اس سلسلے میں 13ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی شنگھائی کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ سلمان خورشید اورمشیر خارجہ سرتاج عزیز کے درمیان ملاقات کااسٹیج تیار کیا جارہاہے اس اہم ملاقات کے حوالے سے دونوں ممالک کے سفارتی حکام انتہائی متحرک ہیں۔جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی پرتفصیلی تبادلہ خیال اورآئندہ کی حکمت عملی پر غور کیاجائے گا دونوں ممالک کے درمیان ایک خفیہ معاہدہ بھی زیرغور ہے جس پرعملدرآمد کو یقینی بنا کر مستقبل میں لائن آف کنٹرول پر ہونے والے واقعات کو روکا جائے گا۔بھارت میں پاکستانی سفیرسلمان بشیر نے تصدیق کی ہے کہ سلمان خورشید اور سرتاج عزیز کے درمیان نیویارک میں ملاقات کے حوالے سے تیاری جاری ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان خفیہ معاہدہ بھی زیر غور ہے۔ سلمان بشیر نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے اور اس حوالے سے کئی اقدامات کیے ہیں۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سرتاج عزیز اور سلمان خورشید کے درمیان ملاقات ہوئی تو یہ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان اہم ملاقات کااسٹیج تیار کرنے میں بھی مددگار ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.