ہرارے ٹیسٹ میں یونس خان کی ڈبل سینچری، پاکستان نے زمبابوے کو342 رنز کا ہدف دے دیا

ہرارے: پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز یونس خان کی ناقابل شکست ڈبل سینچری کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 419 رنز بنا کر اننگ ڈکلیئر کردی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری ادھوری اننگز کا آغاز 4 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز سے کیا۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد قومی ٹیم کے مڈل آرڈر نے کچھ محتاط اندازميں بیٹنگ کی تاہم غلط شاٹ کھیل کر اپنی وکٹیں گنوانے کا سلسلہ جاری رکھا، کھیل کے دوران ایک موقع پر پاکستان نے 331 رنز پر 9 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے اور یونس خان کا ڈبل سینچری اسکور کرنا ناممکن دکھائی دے رہا تھا تاہم راحت علی نے یونس خان کو مایوس نہیں کیا اور آخری وکٹ کے لیے 88 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، راحت علی نے 40 گیندوں پر 35 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگ کھیلی اور 200 رنز مکمل کرنے میں یونس خان کا بھرپور ساتھ دیا، یونس خان کے ڈبل سینچری اسکور کرنے پر جب پاکستان نے اننگ ڈکلیئر کی تو اسے زمبابوے پر 341 رنز کی سبقت حاصل تھی۔ قبل ازیں پاکستان کی جانب سے عدنان اکمل 64، مصباالحق 52، محمد حفیظ 16، خرم منظور 5 اور اظہر علی بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ پاکستانی شاہین پہلی اننگز میں کمزور حریف کے سامنے بھی ریت کی دیوار ثابت ہوتے ہوئے 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے، اظہر علی نے 79 اور کپتان مصباح الحق نے 53 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو 249 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ سعید اجمل نے بھی بیٹسمینوں کا کام اپنے ذمے لیتے ہوئے 49 رنز کی ناقابل فراموش اننگز کھیلی تھی۔

تبصرے بند ہیں.