ایف آئی اے نے چھان بین کے بغیر کسٹمز افسران کیخلاف جعلسازی کا مقدمہ درج کر لیا

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے چھان بین کے بغیرمحکمہ کسٹمزکے افسران کے خلاف محمدعبدالمجید کی مدعیت میں جعلسازی کا مقدمہ نمبر798 درج کرلیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ محمدعبدالمجید کی جانب سے ایف آئی اے کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ فاروق نامی کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹ نے شکایت کنندہ کو دبئی کے ویزہ کا جھانسہ دے کر اس کے پاسپورٹ نمبر RB-4106121 کا غلط استعمال کرتے ہوئے مئی 2011 میں جاپان سے ٹویوٹا کار درآمد کی ہے جس کی ڈیوٹی وٹیکسوں کی ادائیگیاں میسر نواز موٹرز کے مالک آصف نواز کی جانب سے کی گئیں جبکہ گاڑی کی درآمد ہونے کے بعد بھی محمدعبدالمجید کو پاسپورٹ نمبر RB-4106121 واپس نہیں کیا گیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے درج ہونے والی ایف آئی آر میں محکمہ کسٹمز کی جانب سے گڈز ڈیکلریشن(جی ڈی) پر دیے جانے والے مشین نمبر KAPR-HC-93552 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ مشین نمبروالی ’’جی ڈی‘‘ پر مئی 2011 میں پاسپورٹ کا غلط استعمال کرتے ہوئے جاپان سے گاڑی درآمد کی گئی ہے جبکہ محکمہ کسٹمز کی جانب سے اس کی کلیئرنس میں اپریزنگ آفیسر کوثر حسین، ایگزامنر فیاض اور پرنسپل اپریزر جاوید رضا نے کی ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے درج ہونے والی مذکورہ ایف آئی آر میں پرنسپل اپریزر جاوید رضا کو نامزد کیا گیا ہے لیکن 8 مئی 2011 کو مشین نمبر KAPR-HC-93552 کے تحت گاڑی کی کلیئرنس پرنسپل اپریزر نور محمد نیازی نے کی تھی۔

تبصرے بند ہیں.