پلیئرز کو معاوضوں کی ادائیگی کیلیے بچت مہم شروع

ہرارے: زمبابوے نے رقم بچانے کی خاطر پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بھی بولاوایو سے ہرارے منتقل کردیا۔ سفری اخراجات اور دیگر مد میں 75 ہزار ڈالر کی بچت ہوگی، دوسرے میچ سے قبل کھلاڑیوں کو معاوضہ ادا کرنے میں بھی آسانی ہونے کا امکان ہے، نئے اقدام سے پاکستان کے خلاف پوری سیریز ایک ہی وینیو تک محدود رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے نے اپنے کھلاڑیوں کے معاوضوں کی ادائیگی کیلیے بچت مہم شروع کردی،اس سلسلے میں سب سے بڑا قدم پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بولاوایو سے ہرارے منتقل کرکے اٹھایا گیا، یہ میچ بدستور 10 سے 14 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔پروگرام کے مطابق بولاوایو میں ہونے سے زمبابوین بورڈ کو دونوں ٹیموں، آفیشلز اور ٹی وی عملے کی منتقل اور دیگر اخراجات کی مد میں 75 ہزار ڈالر کے قریب خرچ کرنا پڑتے جو اب میچ ہرارے میں کھیلے جانے سے بچ جائیں گے، اسی طرح زیادہ تر زمبابوین کھلاڑی ہرارے میں ہی رہائش پزیر ہیں، اس سے ہوٹل میں انھیں ٹھہرانے کا بھی خرچ بچ جاتا ہے۔ کرکٹرز نے ٹیسٹ سیریز کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی تاہم بورڈ کی جانب سے دوسرے ٹیسٹ سے قبل ہر حال میں معاوضے ادا کرنے کی یقین دہانی پر وہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے پر راضی ہوئے، بورڈ اب ان کے معاوضوں کے لیے ہی رقم جمع کررہا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اب پاکستان کا پورا ٹور صرف ایک ہی وینیو ہرارے کے اسپورٹس کلب تک ہی محدود رہے گا، زیڈ سی کی جانب سے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے دوران ہی اسٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ کی منتقلی کا اعلان کیا گیا جس کا تماشائیوں نے تالیاں بجاکر خیر مقدم بھی کیا۔مالی مسائل میں بری طرح الجھا ہوا زمبابوین کرکٹ بورڈ پہلے ہی سری لنکا کی2 ٹیسٹ، تین ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچزکیلیے میزبانی سے معذرت کرچکا ہے۔

تبصرے بند ہیں.