لاہور: حج کو سستا اور معیاری بنانے کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور: عدالت نے حج کو سستا اور معیاری بنانے کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عمرعطاء بندیال اور جسٹس شعیب سعید پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ حج پالیسی کے اعلان کے وقت کہا گیا تھا کہ سرکاری حج سستا ہوگا، لاہورہائی کورٹ کے سامنے جب کوٹہ نیلام کیا گیا تو ایک لاکھ 90 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک حج کروانے کی پیشکش کی گئی جبکہ حکومت پاکستان کا پیکج 3 لاکھ 61 ہزارروپے ہے، دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اتنی کم رقم میں حج کرانا حکومت کے لئے ممکن نہیں ہے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے قرار دیا کہ حکومت آئندہ سال حج کوٹہ جاری کرنے اور حج کے دیگر معاملات کے لئے قانون سازی کرے تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔

تبصرے بند ہیں.