اسلام آباد واقعہ؛ عدالت نے ملزمہ کنول کی درخواست ضمانت مسترد کردی

اسلام آ باد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ایونیوپرفائرنگ کے ملزم سکندرکی اہلیہ کنول کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے درخواست ضمانت کی سماعت کی، دوران سماعت پولیس نے واقعے کی ویڈیو عدالت میں پیش کی، اس موقع پر وکیل استغاثہ کا کہنا تھا کہ ملزمہ کنول نے اپنے شوہر کی جرم میں معاونت کی اور اسے پولیس کی تعیناتی کی اطلاع دی لہذا اس کی درخواست مسترد کردی جائے جبکہ ملزمہ کنول کی وکیل کلثوم خالق کا کہنا تھا کہ ان کی موکلہ نے کبھی اسلحہ نہیں اٹھایا وہ بے گناہ ہیں،عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست ضمانت مسترد کردی۔ واضح رہے کہ 15 اگست کو اسلام آباد کے جناح ایونیو کو سکندر نامی شخص نے 5 گھنٹے سے زائد تک بندوق کی نوک پر یرغمال بنا رکھا تھا تاہم پھر پولیس اور اے ٹی ایف کے اہلکار پیپلز پارٹی کے رہنما زمرد خان کی مدد سے سکندر اور اس کی اہلیہ کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.