نوکیا نے موبائل فون یونٹ مائیکروسافٹ کوفروخت کر دیا

ہیلسنکی / فن لینڈ: دنیا کے بڑے سیلولر فون میکر نوکیا نے اپنا موبائل فون یونٹ مائیکرو سافٹ کو 5.44 ارب یورو (7.17 ارب ڈالر) میں فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے ساتھ ہی نوکیا کی فون ساز حیثیت ختم ہو گئی۔ نوکیا امریکی سافٹ ویئر کمپنی کو اپنے پیٹنٹس کے لیے 10 سالہ نان ایکسکلوزیو لائسنس دے گی اور خود نیٹ ورک انفرااسٹرکچر اور میپنگ سروسز پر توجہ دے گی جسے اس نے نوکیا اور اپنے حصص یافتگان کے لیے آگے بڑھنے کا بہترین راستہ قراردیا ہے۔ اس ٹرانزیکشن کے نتیجے میں امریکی سافٹ ویئر کمپنی کو اپنی حریف کمپنیوں ایپل اور گوگل سے مسابقت میں مدد ملے گی۔ نوکیا اور مائیکروسافٹ نے شراکت کاآغاز 2011 میں مائیکروسافٹ ونڈوز فون سافٹ ویئر کے استعمال کے ذریعے نوکیا اسمارٹ فونز کی تیاری سے کیا تھامائیکروسافٹ چیف ایگزیکٹو اسٹیو بالمر نے صحافیوں سے بات چیت میں کہاکہ نوکیاکی خریداری سے اسمارٹ فونز میں ہماری کامیابی کی رفتار تیز ہوگی، آج ونڈوز فون تیزی سے فروغ پانے والا اسمارٹ پلیٹ فارم ہے جس کی گزشتہ سال گروتھ میں 78 فیصد اضافہ ہوا۔ علاوہ ازیں نوکیا نے فوری طور پر چیف ایگزیکٹو اسٹیفن ایلوپ کی رخصت اور ان کی جگہ عبوری طور پر چیئرمین بورڈ رسٹو سیلاسما کو دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ نوکیا کے مطابق ڈیل کی تکمیل پر ایلوپ نوکیا کے موبائل فون یونٹ کو سنبھالیں گے اور ان کا پھر سے مائیکروسافٹ میں تبادلہ کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ نوکیا کا گزشتہ 14 سال سے موبائل فون مارکیٹ پر غلبہ تھا مگر 2012 میں سام سنگ نے اسے پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ فروخت ہونے والے برانڈ کا اعزاز پالیا۔

تبصرے بند ہیں.