روپے کی قدرکم، انٹربینک میں ڈالر105روپے کے قریب پہنچ گیا

کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی بے قدری کا تسلسل جاری ہے، پیرکوروپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرتاریخ کی نئی بلند ترین سطح 104.90 روپے پر پہنچ گیا۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیرکوٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 25پیسے کی مزیدکمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ڈالر 104.90روپے کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر25 پیسے اضافے کے بعد 105.05 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔ ڈیلرزکے مطابق درآمدی ادائیگیوں کی وجہ سے روپے پر دباؤ جاری ہے۔ واضح رہے کہ ادائیگیوں کے توازن کی خراب صورتحال کے پیش نظر پاکستان کو 3ارب ڈالر کی فوری ضرورت ہے، روپے کی قدر میں یومیہ 15 سے 20پیسے کمی معیشت کے لیے بڑا مسئلہ ہے۔ایک سابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان کو توازن ادائیگی میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے جولائی سے روپے کی قدر کو سہارا دینے کے لیے مارکیٹ میں مداخلت بند کر دی جس کے بعد سے اب تک ڈالر کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ ہوا اور ڈالر 99 روپے سے بڑھ کر 105 روپے تک پہنچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ سخت مالیاتی مسائل کے پیش نظر پاکستان کو فوری طور پر کم از کم 3ارب ڈالر درکار ہیں، توقع ہے کہ فنڈ کی ابتدائی شرائط پوری کرنے کے بعد 4ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں وزیر خزانہ عالمی مالیاتی فنڈ کو نئے قرض کے لیے رضامند اور پہلی قسط کے طور پر 3ارب ڈالر حاصل کرلیں گے۔

تبصرے بند ہیں.