توانائی بحران: تمام ذرائع بروئے کارلارہے ہیں، وزیرمملکت پٹرولیم

وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا کہ موجوہ حکومت ملک میں جاری توانائی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کیلیے تمام تر ذرائع کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کے دوارن کیا، اس موقع پر وفاقی سیکریٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل عابد سعید بھی موجود تھے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملک میں جاری توانائی بحران کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے فیصل آباد میں گھریلو اور صنعتی صارفین کے توانائی کے مسائل کے حوالے سے وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل آگاہ کیا۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا کہ موجوہ حکومت ملک میں جاری توانائی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کیلیے تمام تر ذرائع کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ملک میں جاری توانائی مسائل کے حل کیلیے دونوں وزارتوں کے ماتحت کام کرنے والے محکمہ جات کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل کو مزید فروغ دیا جائے گا اور توانائی بحران کے حل میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.