انتخابات پر پاور سیکٹر کی ایندھن ضروریات پوری کرنے کا عزم
اسلام آباد: نگران وزیر پٹرولیم کا کہنا ہے کہ الیکشن کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پاور سیکٹر کی فیول کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔ الیکشن کے موقع پر پاور سیکٹر کو 15 کروڑ مکعب فٹ اضافی گیس فراہم کی جائے گی۔ جمعرات کو اسلام آباد میں سیکریٹری پٹرولیم و دیگر افسران کے ہمراہ وزارت پٹرولیم میں پریس کانفرنس کے دوران نگراں وزیر پٹرولیم وجاہت حسین ایچ صدیقی نے بتایا کہ الیکشن کے موقع پر بجلی کی پیداوار کیلیے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو ادھار پراضافی گیس فراہم کی جائیگی جس سے 850میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پاور سیکٹر کو 19 ہزار ٹن یومیہ فیول دیا جارہا ہے جس کی مالیت 30 لاکھ ڈالرہے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے موقع پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے فرنس آئل بھی ذخیرہ کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ گیس پائپ لائنوں سمیت کمپنیوں کو فیول کی فراہمی کے بارے میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے لیے وزارت داخلہ اور تمام صوبوں سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں کو لیٹر بھی لکھے جا چکے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.