کراچی اسٹاک مارکیٹ؛ فروخت پر دباؤ سے مزید 76 پوائنٹس کی کمی
کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی کاروبار اتارچڑھاؤکے بعد مندی کی زد میں رہا جس سے انڈیکس کی23500 کی نفسیاتی حد بھی گرگئی۔ مندی کے سبب 47.75 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے13 ارب96 کروڑ12 لاکھ60 ہزار746 روپے ڈوب گئے، کاروبارکے ابتدائی اوقات میں مختلف شعبوں کے حصص میں پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب ہونے سے ایک موقع پر117 پوائنٹس مندی اور بعدازاں 128.58 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن اسکے بعد دوبارہ مندی کے اثرات غالب ہوئے تاہم کاروبار کے اختتامی لمحات کے دوران مثبت توقعات پر نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری نے مندی کو محدود کیے رکھا کیونکہ اٹک ریفائنری، فوجی سیمنٹ، فوجی فرٹیلائزر سمیت دیگر مستحکم کمپنیوں میں خریداری سرگرمیاں بڑھیں نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس76.61 پوائنٹس کی کمی سے23497.07 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس89.77 پوائنٹس کی کمی سے18340.41 اور کے ایم آئی30 انڈیکس45.55 پوائنٹس کی کمی سے 41125.25 ہوگیا۔ ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر66 لاکھ84 ہزار39 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ غیرملکیوں کی جانب سے39 لاکھ70 ہزار679 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروںکی جانب سے10 لاکھ18 ہزار642 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے16 لاکھ89 ہزار895 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے4 ہزار823 ڈالر مالیت کے سرمائیے کا انخلا کیا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حصص کی تجارتی سرگرمیوں میں جاری مندی عارضی ہے کیونکہ لسٹڈ کمپنیوں کی جانب سے بھرپورانداز میں نتائج کے اعلانات ابھی باقی ہیں جوں ہی مالیاتی نتائج پر مبنی اعلانات کا آغازہوگا مارکیٹ پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت21 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر24 کروڑ10 لاکھ 30 ہزار300 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار356 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں167 کے بھاؤ میں اضافہ، 170 کے داموں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں سیمینس پاکستان کے بھاؤ39.13 روپے بڑھ کر 821.90 روپے اور فضل ٹیکسٹائل کے بھاؤ16.56 روپے بڑھ کر 370.56 روپے ہوگئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھاؤ 94.50 روپے کم ہوکر1795.50 روپے کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ92.49 روپے کم ہوکر1757.51 روپے ہوگئے۔
تبصرے بند ہیں.