ایف بی آر کا ٹیکس واپس لینے سے انکار، ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کی دھمکی دیدی
اسلام آ باد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان انکم ٹیکس میں کمی کے لیے ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں اور ایف بی آر نے رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد کردہ ٹیکس واپس لینے سے انکار کردیا ہے۔ دوسری طرف ٹرانسپورٹرز نے ایف بی آر کو انکم ٹیکس ادا نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ اس ضمن میں ایف بی آرذرائع نے بتایا کہ ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ایف بی آر کی ٹیم کی قیادت چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ اور ڈاکٹر محمد اقبال نے کی جبکہ ٹرانسپورٹرز کے وفد کی قیادت سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز اور آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کی طرف سے کیپٹن (ر) آصف محمود نے کی ، وفد کے شرکا میں اسلم خان نیازی، ملک محمد ریاض، اعظم خان نیازی، حاجی ملک اختر اعوان، حنیف خان مروت، بشیر احمد حلیمی، نور احمد کاکڑ، حاجی عبد الرؤف خان نیازی، اختر سید خان، ملک محمد حنیف، سردارمحمد سعید اور دیگر عہدیدار شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران ٹرانسپورٹرز کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ بجٹ میں ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد کردہ بھاری انکم ٹیکس واپس لیا جائے کیونکہ موجودہ کاروباری حالات میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے یہ بھاری ٹیکس ادا کرنا ممکن نہیں ہے اس لیے بجٹ میں اعلان کردہ ٹیکس واپس لیا جائے جسے ایف بی آر نے فوری طور پر تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ تمام شعبوں کو ٹیکسوں کی ادائیگی کے قومی فریضے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے البتہ مسئلے کا کوئی مناسب حل تلاش کرنے کے لیے ٹرانسپورٹرز کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں وقت دیا جائے تاکہ وہ معاملے کا تفصیلی جائزہ لے کر اور متعلقہ ٹیم ممبران سے مشاورت کے بعد کوئی قابل عمل حل تلاش کرسکیں ۔
تبصرے بند ہیں.