رمضان کے 15 روز میں یوٹیلٹی اسٹورز پر ریکارڈ فروخت
اسلام آباد: وزارت صنعت و پیداوار نے کہا ہے کہ رواں سال ماہ رمضان کے دوران یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی سیلز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک بھر سے موصول شدہ اعدادوشمار کے مطابق اس سال یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان پیکیج کے پہلے 15 روز کے دوران 8 ارب کی ریکارڈ سیل ہوئی جبکہ گزشتہ سال اسی دورانیے میں 6.63 ارب روپے کی سیل ہوئی تھی، اس طرح پیکیج کے پہلے 15 روز میں یوٹیلٹی اسٹورز پر گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.37 ارب روپے یا 20 فیصد کی زائد فروخت ہوئی۔اعلامیے کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کی ریکارڈ سیل کے بارے میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ عوام کے یوٹیلٹی اسٹورز کی اشیا کے معیار اور قیمتوں پر اعتماد کا مظہر ہے، رمضان ریلیف پیکیج کو مزید احسن طریقے سے چلانے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں جن علاقوں سے اشیاکی کمی کی شکایات موصول ہوئی تھیں وہاں فوری اسٹاک پہنچانے کا حکم دیا گیا ہے، ویئر ہاؤسز سے یوٹیلٹی اسٹورز تک سپلائی لائن مزید مستحکم اور تیز تر کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری روایت اور اخلاقی ذمے داری ہے اور ہم اسے بطریق احسن نبھائیں گے۔
تبصرے بند ہیں.