اسٹیٹ بینک نے ای پیمنٹ گیٹ ویزپر کانسیپٹ پیپر جاری کردیا

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان میں الیکٹرانک پے منٹ گیٹ ویز کے قیام کے بارے میں کانسیپٹ پیپر اور ضوابط کا ابتدائی مسودہ عوام کی آرا اور مشورے حاصل کرنے کے لیے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کردیا ہے۔ واضح رہے کہ پیمنٹ گیٹ وے ایک ای کامرس ایپلی کیشن سروس پرووائیڈر ہوتا ہے جس کا مقصد حاصل کنندہ ادارے اور مجریہ ادارے کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرتے ہوئے ای بزنسز کے لیے ادائیگیوں کی توثیق کرنا ہوتا ہے، ای پیمنٹ گیٹ وے سے مقامی اور سرحد پار ٹرانزیکشنز کی توثیق میں اس طرح سہولت فراہم ہوگی کہ مقامی ٹرانزیکشنز سے ملکی سطح پر نمٹا جائے گا اور ان کی توثیق ہوگی اور صرف سرحد پار ٹرانزیکشنز کی ان بین الاقوامی پیمنٹ اسکیموں کے توسط سے توثیق کی جائے گی جو پاکستان میں کام کر رہی ہیں جیسے ویزا، ماسٹر کارڈ وغیرہ۔مرکزی بینک سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان دستاویزات میں ای پیمنٹ گیٹ وے کے تصور کے علاوہ ضوابطی شرائط اور دیگر متعلقہ شرائط پر بحث کی گئی ہے جو کسی ادارے کے لیے ای پی جی (e-PG) آپریٹر کی درخواست دینے کا اہل ہونے کے لیے ضروری ہیں، ای پی جی آپریٹر کو مختلف آلٹرنیٹو ڈلیوری چینلز استعمال کرتے ہوئے صارفین کی مقامی اور سرحد پار مالی ٹرانزیکشنز کو محفوظ طور پر نمٹانے اور توثیق کرنے کا اختیار ہو گا، الیکٹرانک پیمنٹ گیٹ ویز سے متعلق کانسیپٹ پیپر اور ضوابط کے مسودے اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر پوسٹ کر دیے گئے ہیں تاکہ عوامی آرا اور مشورے حاصل کیے جا سکیں۔

تبصرے بند ہیں.