ریلوے کی فریٹ آمدنی 1.4 کروڑ روپے یومیہ ہوگئی، سعد رفیق
لاہور: وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کے فریٹ شعبے میں آمدنی 40لاکھ یومیہ سے بڑھ کر اب 1 کروڑ 40 لاکھ روپے یومیہ تک پہنچ گئی ہے اور یہ سب موجودہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پراجیکٹ ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت ریلوے میں جو پراجیکٹس چل رہے ہیں ان میں سے صرف وہی جاری رکھے جائیں گے جو فائدہ مندہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری فنڈز کااستعمال پوری احتیاط کے ساتھ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ایس ایم ایس میسج سروس کا نظام جو مسافروں کی سہولت کیلیے لاہور اور کراچی کے درمیان پہلے ہی موجود ہے اب اس کو پشاور اور کوئٹہ میں بھی شروع کیا جا رہا ہے۔خواجہ سعد رفیق نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ ریلوے سے متعلق اعدادو شمارشائع کرنے سے پہلے ریلوے ذرائع سے اس کی تصدیق کرے۔ اجلاس میں ریلوے کے پراجیکٹس کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پرائیویٹ سیکٹرکے تحت چلنے والی بزنس ٹرین جو ڈیفالٹ کرچکی ہے کے معاملات بھی زیربحث آئے، اجلاس میں جی ایم ریلوے انجم پرویز، اے جی ایم مکینیکل اسد احسان اور اے جی ایم انفرااسٹرکچرجی ایم قریشی نے بھی شرکت کی۔
تبصرے بند ہیں.