پی پی ایل نے سانگھڑ میں تیل وگیس کے مزید ذخائر دریافت کرلیے

کراچی: پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے ضلع سانگھڑ، صوبہ سندھ میں اپنے دوسرے دریافتی کنوئیں شہداد X-1 سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ اس بلاک میں دوسری دریافت ہے جبکہ پہلے دریافتی کنوئیں وافق X-1 سے بھی گیس اور کنڈنسیٹ حاصل ہو چکے ہیں، دریافتی کنوئیںشہدادX-1 کی کھدائی کا آغاز 30 مارچ 2013 کو ہوا جسے 19 جون 2013 کو3665 میٹر کی حتمی گہرائی تک پہنچایا گیا۔ وائر لائن لوگز کی بنیاد پر ہائیڈروکاربن رکھنے والے بہت سے زونز کی نشاندہی کی گئی، لوورگورو فارمیشن کی میسو سینڈ کی جانچ کے دوران 64/64″ چوک سائز پر یومیہ 27.8 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور337 بیرل کنڈنسیٹ حاصل ہوئے جس سے شہداد X-1 میں تجارتی مقاصد کے لیے گیس اور کنڈنسیٹ کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تاہم اس کنوئیں سے ہائیڈرو کاربن کے حصول کی حتمی صلاحیت کا تعین اس کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔اس دریافت سے ہائیڈرو کاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک میں توانائی کے موجودہ بحران میں تیل وگیس کی طلب اور رسد کے مابین فرق میں کمی ہوگی۔ یاد رہے کہ پی پی ایل بلاک 2568-18 (گمبٹ ساؤتھ) میں 65 فیصد کاروباری حصے داری کے ساتھ آپریٹر ہے اور اس کے شراکت داروں گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور ایشیا ریسورسز آئل لمیٹڈ کے اس بلاک میں کاروباری شتراکت بالترتیب 25 اور 10 فیصد ہے۔

تبصرے بند ہیں.