ٹوکیو: امریکی بینکاری ریگولیٹر فیڈرل ریزرو کی جانب سے معاشی بحالی پیکیج ختم کرنے کے اعلان، چین میں معاشی سست روی اور بیرونی سرمائے کے انخلا کے باعث ایشیا پیسیفک خطے کے ممالک کی کرنسیوں کی قدر میں کمی آ رہی ہے جسے روکنے کیلیے علاقائی رہنما متحرک ہوگئے ہیں۔ سرمائے کے فرار کے خدشات پر جنوبی کورین وزیر خزانہ نے امریکی بینکاری ریگولیٹر کے معاشی پیکیج ختم کرنے کے اعلان کے ممکنہ اثرات پر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو نہ صرف اپنی اقتصادی صورتحال بلکہ پیکیج ختم کرنے کے وقت کے عالمی اثرات پر بھی غور کرنا چاہیے۔جاپان نے ین کی قدر میں کمی کا خیرمقدم کیا کیونکہ جاپانی کرنسی کی قدر میں اضافے کے باعث اس کی برآمدات کے ساتھ معیشت بری طرح متاثر ہو رہی تھی تاہم فیڈرل ریزرو کے معاشی پیکیج ختم کرنے کے اعلان کے باعث برازیل سمیت ابھرتی معیشتوں سے سرمائے کا انخلا شروع ہوا جس سے بھارت سے لے کر جنوبی کوریا اور انڈونیشیا تک متعدد ممالک کی کرنیسوں کی قدر میں تیزی سے کمی آئی ہے، سب سے زیادہ کمی بھارتی روپے کی قدر میں آئی، انڈونیشی روپیہ کی قدر بھی 4 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چینی معاشی سست روی بھی ایشیائی کرنسیوں کی قیمت میں کمی کا باعث ہے تاہم مقامی سطح پر اقدامات کے باعث جنوبی کوریا، بھارت اور دیگر ممالک میں کرنسیوں کو کچھ سہارا مل رہا ہے اور ان کی قدر بتدریج بحال ہو رہی ہے
تبصرے بند ہیں.