کراچی: تاوان کیلئے اغوا کی گئی 4 سالہ بچی بازیاب،4 اغوا کار ہلاک

کراچی: پولیس اور سی پی ایل سی نے حساس ادارے کے تعاون سے تاوان کیلئے اغوا کی گئی 4 سالہ بچی کو بازیاب کرالیاجبکہ کارروائی کے دوران 4 اغوا کار ہلاک ہوگئے۔ سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ 13 جولائی کو ولیکا اسپتال کی رہائشی کالونی میں مقیم ڈاکٹر سنیل کی چار سالہ بیٹی ماہی کو اغوا کرلیا گیا تھا، اغوا کاروں نے بچی کے والدین سے 5 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تاہم والدین 6 لاکھ روپے ادا کرنے پر تیار ہوگئے، اسی دوران تفتیشی ٹیم کو معلوم ہوا کہ بچی کے اغوا میں گھر کا باورچی رانو ملوث ہے۔ اغوا کاروں اور ماہی کے والدین کے درمیان طے پانے والے معاملے کے مطابق اغوا کار کے ساتھی تاوان کی رقم لینے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شارع فیصل پر واقع کاشف سینٹر کے قریب پہنچے تو پولیس اور سی پی ایل سی کے اہلکار پہلے ہی وہاں موجود تھے، پولیس کی موجودگی پر اغواکاروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ جوابی فائرنگ سے اغوا کار ہلاک ہوگیا، مارے جانے والے اغوا کار کے قبضے سے ملنے والے موبائل فون کی مدد سے حساس ادارے کو علم ہوا کہ ملزمان نے بچی کو نیلم کالونی کے ایک مکان میں قید کر رکھا ہے جس پر قانون نافذ کرنے والے حساس ادارے کے اہلکاروں، پولیس اور سی پی ایل سی نے مشترکہ چھاپہ مار کر مغوی بچی کو بازیاب کرایا جبکہ مقابلے تینوں اغواء کار بھی ہلاک ہوگئے۔ سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کا کہنا تھا کہ مرنے والے اغواکاروں کے قبضے سے 4 کلاشنکوف ، 3 ٹی ٹی پستول اور متعدد گولیاں ملیں ہیں ، ایک ملزم کی شناخت رانو کے نام سے ہوگئی جبکہ 3 اغوا کاروں کی شناخت نہیں ہوسکی۔

تبصرے بند ہیں.