بھارت سے تعلقات میں بہتری کے لئے بیک چینل ڈپلومیسی شروع کردی ہے، نواز شریف
اسلام آ باد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پوری دنیا کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں، بھارت سے تعلقات میں بہتری کے لئے بیک چینل ڈپلومیسی شروع کردی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف سے برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر غور کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں، برطانیہ جی ایس پی پلس کے حصول میں تعاون جاری رکھے، دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے لئے مل کر کام کریں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تنازعات کے حل کے لئے جامع مذاکرات شروع کرنا چاہتے ہیں، پاکستان نے بھارت سے تعلقات میں بہتری کے لئے بیک چینل ڈپلومیسی شروع کردی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں بھی امن کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات اور تعاون جاری رکھے گا۔
تبصرے بند ہیں.