9 ستمبرکو اے پی سی کی تمام کارروائی بند کمرے میں ہوگی

اسلام آ باد: ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے متفقہ قومی رائے حاصل کرنے کے بعدٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی ترتیب دینے کیلیے9ستمبر کو وزیر اعظم ہائوس اسلام آبادمیں بلائی جانے والی تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے فیصلہ کیاگیاہے کہ تمام کارروائی بند کمرے میں ہو گی اورشرکاکو آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام کی جانب سے بریفنگ دیے جانے کے بعد سوالات پوچھنے کی اجازت بھی ہوگی،کانفرنس کے دورانیے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیاجا سکا، ضرورت پڑنے پریہ ایک روزہ کانفرنس دوسرے یاتیسرے روز بھی جاری رہ سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکومتی سطح پرہونے والی ابتدائی مشاورت کے بعدطے پایا کہ اس کانفرنس کی صرف وڈیو اورتحریری اعلامیہ ذرائع ابلاغ کے اداروں کوفراہم کیا جائے گا، اے پی سی میں شرکت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، چاروں وزرائے اعلیٰ اور گورنر خیبر پختونخوا کو دعوت نامے بھیج دیے گئے ہیں جبکہ بذریعہ فون بھی رابطہ کرکے ان کی شرکت یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے،اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے اے پی سی کے باعث اپنا دورۂ برطانیہ ملتوی کردیاہے۔

تبصرے بند ہیں.