800 سے زائد شخصیات مشرف غداری کیس کا حصہ بنیں گی، شیخ رشید

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے میں تاخیری حربے تینوں مسلح افواج کے موجودہ سربراہان کی ریٹائرمنٹ تک استعمال ہونگے۔ سپریم کورٹ کودھوکہ دینے والے فراڈیوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، مشرف کے ساتھیوں کیخلاف کارروائی ہوئی تو 800 سے زائد شخصیات اس کیس کا حصہ بنیں گی۔ وہ جمعے کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ مالی سال 2013-14ء کے بجٹ میں عوام پرظلم کے پہاڑتوڑدیے گئے ہیں،بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت نے ٹیکس کے ذریعے لوٹ مارمچا رکھی ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کی وارداتوں نے پوری قوم کو پریشان کررکھا ہے اورکسی کو بھی سمجھ نہیں آرہا کہ ایسا کیوں ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نہ تو حکومت کے پاس دہشت گردوں سے بات چیت کا کوئی ایجنڈا ہے اور نہ واقعات کی روک تھام کے لیے کوئی پلان ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ سابق صدر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے تاخیری حربے استعمال ہورہے ہیں تاکہ کارروائی سے پہلے تینوں چیف تبدیل ہوجائیں۔

تبصرے بند ہیں.