30 لاکھ سے زائد فرزندان توحید کی حج کے رکن اعظم وقوف عرفات کی ادائیگی

پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے 30 لاکھ سے زائد فرزندان توحید آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کرنے کے لئے میدان عرفہ پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ رات خیموں کے شہر منیٰ میں گزرنے کے بعد آج نماز فجر کے بعد ہی سے عازمین میدان لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے اور رب کائنات کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگنے ہوئے میدان عرفات میں جمع ہیں جہاں انہوں نے خطبہ حج سننے کے بعد نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی، حاجی اللہ رب العزت کے حضور انتہائی خشوع وخضوع کے ساتھ دعائیں کررہے ہیں۔ سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی حاجی میدان عرفات چھوڑدیں گے ۔ میدان عرفات سے 6 کلومیٹر دور مزدلفہ پہنچنے کے بعد حاجی سب سے پہلے نماز مغرب اورنماز عشا اکٹھی اداکریں گے اورکنکریاں چننے کے بعد رات کھلے آسمان تلے بسر کریں گے۔ منگل کو حجاج کرام نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ واپس پہنچیں گے جہاں پہلے دن بڑے شیطان کو کنکریاں مارکر قربانی کریں گے اور رمی کے بعد بال منڈواکر احرام کھول دیں گے۔ اسی طرح 11 ذوالحج کوبھی حاجی شیطان کو کنکریاں ماریں گے اوررات کا ایک پہر منیٰ میں قیام کریں گے۔ 12 ذوالحج کوآخری دن شیطان کوکنکریاں مارنے کے بعد حاجی مکہ المکرمہ واپس جائیں گے۔ نماز مغرب سے قبل تمام حاجی طواف کعبہ کریں گے جس کے ساتھ ہی مناسک حج مکمل ہوجائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.