3کھرب ادائیگی کے باوجودلوڈشیڈنگ کیسے بڑھ گئی، نویدقمر

اسلام آ باد: سابق وفاقی وزیر نوید قمر نے حکومت سے استفسارکیاہے کہ بجلی کمپنیوں کو3کھرب روپے کی ادائیگی کے باوجودلوڈشیڈنگ میں کمی ہونے کے بجائے مزید اضافہ کیسے ہوگیا؟ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ حکومت نے دعویٰ کیاتھاکہ اس رقم کی ادائیگی کے بعدچندہی دنوںمیں لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی ہوجائیگی تاہم کئی ہفتے گزرنے کے باوجود نہ صرف کمی نہیں ہوئی بلکہ لوڈشیڈنگ کے اوقات میں اضافہ ہوگیا، بجلی کے شدید بحران میں مزیداضافے کے بعدحکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں اورانھیں احساس کرنا چاہیے کہ کروڑوںعوام کی جیب پرڈاکے ڈال کرچندکاروباری افرادکی جیبیں بھرنے سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا تاوقتیکہ اس گردشی قرضے کے اصل اسباب کاخاتمہ نہ کیاجائے۔چنددن قبل ایپٹماکی جانب سے قومی اخبارات میںجاری حقائق سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ توانائی کابحران مزید شدید ہو گیا ہے اورپنجاب کی ٹیکسٹائل صنعتیںلوڈشیڈنگ میںاضافے کی وجہ سے تباہی کے دہانے پرکھڑی ہیں،نویدقمرنے کہاکہ بجلی بحران کااصل سبب پیداواری لاگت اورقیمت خریدمیںواضح فرق ہے،اگرابھی بھی بجلی 14روپے فی یونٹ تیارکی گئی اور9روپے فی یونٹ فروخت کی گئی توبحران جاری رہیگا، وزیراعلیٰ پنجاب بجلی کے بحران کے خاتمہ کیلیے مینارپاکستان پرخیمے لگاکرکھلی کچہریوںکاانعقاداورلوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہروںکی قیادت کرتے تھے،اب وہ ایسے ہتھکنڈوں کا استعمال کیوںنہیں کرتے؟انھوں نے حکومت سے نندی پور منصوبے کی مکمل تحقیقات کامطالبہ کیاہے۔

تبصرے بند ہیں.