نئی دہلی: دہلی پولیس نے 2000ء کے مشہور زمانہ فکسنگ کیس کی چارج شیٹ جمع کرادی، دنیائے کرکٹ کو ہلا کررکھ دینے والے اسکینڈل میں صرف ایک کرکٹر آنجہانی ہنسی کرونیے کو ملزم قراردیا گیا ہے۔ عدالت میں پیش کی جانے والی فہرست میں باقی 5 بکیز کے نام شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نئی دہلی پولیس نے 2000 ء کے فکسنگ کیس میں جنوبی افریقہ کے آنجہانی کرکٹر ہنسی کرونیے کو ملزم قرار دیا ہے، ان کے سوا چارج شیٹ میں اور کسی کھلاڑی کا نام شامل نہیں ہے، اسی اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث دیگر 2 پروٹیز کرکٹرز ہرشل گبز اور نکی بوئے کو ناکافی شواہد کی وجہ سے نہیں رکھا گیا، اسی طرح بھارت کے سابق کپتان اظہر الدین سمیت اور کئی مقامی کرکٹرز کے نام بھی سامنے آئے تھے لیکن چارج شیٹ میں ان میں سے بھی کسی کا کوئی ذکر نہیں ہے۔یہ ایک 13 برس پرانا کیس ہے، دہلی پولیس کی کرائم برانچ کا دعویٰ ہے کہ مارچ 2000 میں بھارت اور جنوبی افریقہ کا ایک ون ڈے فکسڈ تھا، انھیں اس بات کا علم لندن میں مقیم بکی سنجیو چاولہ اور کرونیے کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو سے ہوا تھا، کرونیے نے شروع میں اس الزام سے انکار کیا تاہم بعد میں کنگز کمیشن کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ معلومات فراہم کرنے کے عوض 15 ہزار ڈالر لیے تھے، بعد میں کرونیے پراسرار طور پر جہاز حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ 90 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ امیت بنسال کی چھٹی کے باعث مجسٹریٹ آکاش جین کے سپرد کی گئی ۔ اب منگل کو خود امیت بنسال اس کا جائزہ لیں گے۔ اس میں لندن میں مقیم چاولہ، منموہن کھتار، ٹی سیریز کے مالک گلشن کمار کے بھائی کرشن کمار، دہلی کے بکیی راجیش کیرالا اور سنیل دارا عرف بٹو کے نام بھی شامل ہیں، ان میں سے تین راجیش، کرشنن اور سنیل پہلے سے ہی ضمانت پر رہا جبکہ چاولہ لندن اور کھتار امریکا میں روپوش ہیں، پولیس ان دونوں کو ریڈ کارنر نوٹس جاری کرنے کا ارادہ رکھتی اور ان کی حوالگی کیلیے جلد کارروائی شروع کرے گی۔
تبصرے بند ہیں.