20 منصوبوں سے 2500 میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے، سراج الحق

پشاور: وزیرخزانہ خیبرپختونخوا سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سنجیدہ ہو تو20 منصوبوں سے 2500 میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ پوسٹ بجٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ خیبرپختونخوا سراج الحق نے کہا کہ بجٹ میں وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کی کردی ہے تاکہ صوبے کی بحالی کے لئے موثر اقدامات کئے جاسکیں، آئل اور گیس کے ذخائر تلاش کرنے کے لئے منصوبہ بندی کردی گئی ہے، اسپتال کی ایمرجنسی میں مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا جبکہ پٹواری کلچر سے نجات کے لئے لینڈ ریونیو کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تنخواہوں اور پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا ہے لہذا سرکاری ملازمین کو بھی اپنی کارکردگی 30 فیصد بہتر بنانا ہو گی، ان کا کہنا تھا کہ دفاتر میں کام کرنے والے افسران سے عوام کو کوئی شکایت نہیں ہونی چاہئے اس سلسلے میں ہم گورننس کا ایک ایسا نظام بنارہے ہیں جو روز مرہ کی کارکردگی کا ریکارڈ رکھےتاکہ روز مرہ کی غلطیوں کا ازلہ کیا جاسکتے۔ سراج الحق نے کہا کہ وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہونا چاہئے، عدلیہ، ڈاکٹرز اور افسران کی جگہ عوام کو وی آئی پی پروٹوکول دیا جانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہم نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بھی 12 فیصد اضافہ کرتے ہوئے 609 پرانے منصوبوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ترقیاتی فنڈز کا بڑا حصہ جاری ترقیاتی کاموں پر خرچ کیا جائے گا۔ وزیرخزانہ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن ہوگا تو ملک میں بھی امن ہوگا، حکومت میں شامل جماعتوں کو عوام نے تبدیلی کے لئے ووٹ دیا ہے اب ہمیں سیاسی کلچر اور رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا، ہر ایک کو معلومات تک رسائی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.