2 بھارتی جنگی طیاروں کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی
لاہور: 2 بھارتی فائٹر طیارے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں داخل ہوگئے۔ قصور کے علاقے گنڈا سنگھ بارڈر کے قریب 2 بھارتی جنگی طیارے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 10 بج کر 41 منٹ پر پاکستان میں گھس آئے اور ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر ڈیڑھ سے 2 منٹ تک پرواز کرتے رہے، اس دوران پاکستان کے ائیر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر طیاروں کی آمد کے بارے میں ائیر فورس کو اطلاع دی اور پائلٹ سے آنے کی وجہ پوچھی لیکن طیاروں کے پائلٹ نے کوئی جواب نہ دیا تاہم پاک فضائیہ حرکت میں آنے سے پہلے ہی بھارتی طیارے 5 سے 7 میل پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے واپس بھارت چلے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع کو واقعہ کی اطلاع سے دی گئی ہے جبکہ تحریری رپورٹ آئندہ 24 گھنٹے میں وزارت کو فراہم کر دی جائے گی جو بعد میں وزارت خارجہ کے حوالے کی جائے گی اور پھر اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق بھارت سے اس بارے میں احتجاج کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بھارتی طیاروں کی یہ پہلی خلاف ورزی نہیں اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ بھارتی جنگی طیارے پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی کرچکے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.