لاہور ( سپو ر ٹس ڈیسک )ٹیسٹ سیریز میں 10 سال بعد شکست کا خطرہ پاکستان کے سر پر منڈلانے لگا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کا مانچسٹر میں پہلا میچ میزبان ٹیم نے3 وکٹ سے جیتا تھا،ساؤتھمپٹن میں دوسرا مقابلہ بارش سے شدید متاثر ہونے کی وجہ سے ڈرا ہوگیا، اب اسی وینیو پر جمعے کو تیسرے میچ میں گرین کیپس کو بقا کی جنگ لڑنا ہے،میزبان ٹیم سرخرو ہوئی تو گرین کیپس کو 10سال بعد انگلینڈ میں پہلی سیریز ہارنے کا صدمہ برداشت کرنا پڑے گا۔انگلش سرزمین پر پاکستان آخری سیریز2010ء میں ہارا تھا، سلمان بٹ کی زیرقیادت ٹیم نے 4میں سے صرف ایک میچ جیتا، 3 میں مات ہوئی تھی،اس وقت سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی وجہ سے عالمی کرکٹ میں ایک طوفان اٹھا اور کپتانی کا تاج مصباح الحق کے سرسج گیا، ان کی قیادت میں 2016ء میں پاکستان نے سیریز 2-2 سے برابر کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی اور آخری بار عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔2018ء میں سرفراز احمد کپتان تھے، دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتا، اب تیسرا ٹیسٹ ڈرا بھی ہوا تو سیریز ہاتھ سے نکل جائے گی،اگرچہ گذشتہ میچ کی بانسبت اس بار بارش کی مداخلت کم رہنے کی پیشگوئی کردی گئی لیکن انگلینڈ کا ناقابل اعتبار موسم کھیل کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ گذشتہ روز بھی بارش کی وجہ سے کرکٹرزکو انڈور پریکٹس تک محدود رہنا پڑا، کنڈیشنز سے ہم ااہنگی کیلیے قدرتی ماحول تو میسر نہیں آ سکا تاہم کرکٹرز نے ہال کے اندر دستیاب سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا
تبصرے بند ہیں.